پی ٹی آئی کارکنوں کے تشدد سے زخمی پولیس اہلکار جاں بحق
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے تشدد سے زخمی ہونے والا پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا، کانسٹیبل عبدالحمید شاہ کو مظاہرین نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 26 نمبر چونگی کے مقام پر پر پولیس اور تحریک انصاف کارکنوں کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے دوران مظاہرین کے پتھراؤ اور تشدد سے شدید زخمی ہونے والا پولیس اہلکار عبدالحمید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے پمز اسپتال میں دم توڑ گیا۔اسلام آباد پولیس کے کانسٹیبل افسر حمید پمز اسپتال میں زیر علاج تھے، جسے اسلام آباد میں احتجاج کے دوران مشتعل مظاہرین نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگئے تھے۔
اس حوالے سے ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعت کا پرتشدد احتجاج پولیس افسر کی جان لے گیا۔ شرپسند عناصر پولیس کنسٹیبل عبدالحمید شاہ کو اغوا کے بعد تشدد کرتے رہے، بعدازاں انہیں پمز اسپتال منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق عبدالحمید 26 نمبر چونگی پر لاء اینڈ آرڈر ڈیوٹی پر تعینات تھے، وہ انویسٹی گیشن ونگ میں تعینات تھے اور ایبٹ آباد کے رہائشی تھے، عبدالحمید نے اسلام آباد پولیس میں 1988 میں بھرتی ہوئے، انہوں نے 3 ماہ بعد پولیس سے سروس مکمل کرکے ریٹائر ہونا تھا۔