بلوچستان کی جامعات کے اساتذہ کا تنخواہوں کی عدم ادائیگی کیخلاف احتجاج جاری
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان کی جامعات کے استاتذہ عالمی یوم استاتذہ پر بھی اپنی تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے سراپا احتجا ج رہے، تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں ہفتہ کو عالمی یو م استاتذہ منایا گیا تاہم اس روز بھی بلوچستان کی دو بڑی جامعات جامعہ بلوچستان اور بیوٹمز کے استاتذہ تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے سراپا احتجاج رہے۔جامعہ بلوچستان اور بیوٹمز کے استاتذہ نے پریس کلب کے باہر قائم علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ کے باہر سے ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ اور سہیل انور کی قیادت میں ریلی نکالی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی دوبارہ پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی استاتذہ نے مطالبہ کیا کہ نہیں مکمل تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائے جائے اور جامعات کے مالی بحران کو حل کیا جائے۔دوسری جانب پچھلے دو ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر کوئٹہ پریس کلب کے باہر علامتی بھوک ہڑتالی کیمپ میں جامعہ بلوچستان اور بیوٹمز کے اساتذہ احتجاج کر نے پر مجبور ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ بلوچستان میں یونیورسٹیوں کے سالانہ فنڈز میں اضافہ کیا جائے تاکہ انہیں بر وقت تنخواہیں مل سکیں۔ ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے جہاں تعلیم کے شعبے میں سہولیات کی فراہمی کی ضرورت ہے وہاں صوبے میں اساتذہ کی بہتر حوصلہ افزائی اور انہیں خراج تحسین پیش کرنا بھی بہت اہم ہے۔