رند قومی اتحاد کے چیئر مین میر سردار خان رند نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)رند قومی اتحاد کے چیئر مین میر سردار خان رند نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو رند قومی اتحا د کے چیئر مین میر سردار خان رند نے خیبر پختونخواء ہاؤس اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین بیرسٹر گوہر خان، سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم سمیت دیگر مرکزی رہنماؤں سے ملاقات کی اور پاکستان تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کردیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میر سردار خان رند نے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان کے حالات ہر گزرتے دن کے ساتھ بد تر ہوتے جارہے ہیں دیگر سیاسی جماعتوں نے صوبے اور ملک کے لئے کچھ بھی نہیں کیا اس وقت قوم کی واحد امید عمران خان اور پی ٹی آئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی ہی ملک کا مقدمہ دنیا بھر میں لڑ سکتے ہیں اور پاکستان کو باعزت اور باوقار مقام دلوا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام پی ٹی آئی اور عمران خان کے ساتھ ہیں صوبے میں پارٹی کی فعالیت اور مضبوطی کے لئے ہر ممکن کوشش کرونگا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئر مین بیرسٹر گوہر خان نے میر سردار خان رند کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کو بلوچستان میں پی ٹی آئی کے لئے نیگ شگون قرار دیتے ہوئے کہا کہ میر سردار خان رند کی شمولیت سے بلوچستان میں پی ٹی آئی فعال اور مضبوط ہوگی۔ عمران خان اور پی ٹی آئی قیادت نے ہمیشہ بلوچستان کے لوگوں کو اہمیت دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے