پاکستان کی خوشحالی کےبارے میں کبھی امید نہیں چھوڑنا،آرمی چیف
روالپنڈی(ڈیلی گرین گوادر) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کراچی میں تاجر برادری سے ملاقات میں کہا کہ میں ایک سال پہلے آپ سب لوگوں سے مخاطب تھا اور کہا تھا کہ مایوس مت ہوں، مایوسی گناہ ہے، کراچی کی کاروباری برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے دورہ کراچی کے دوران تاجر برادری سے ملاقات کی۔اس موقع پر معیشت کے حوالے سے تاجر برادری کے ساتھ اہم امور زیر بحث آئے۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ میں ایک سال پہلے آپ سب لوگوں سے مخاطب تھا اور کہا تھا کہ مایوس مت ہوں، مایوسی گناہ ہے، پاکستان کی خوشحالی کے بارے میں کبھی امید نہیں چھوڑنا ،معاشرے میں مایوسی پیدا کرنے کی ناکام کوششوں کو اجتماعی کاوشوں سے شکست دی گئی، پاکستان مختلف شعبوں میں غیر معمولی صلاحیت رکھتا ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ بے پناہ وسائل اور صلاحیت کے پیش نظر پاکستان اقوام عالم میں اپنا جائز مقام حاصل کرنا چاہتا ہے،مغربی سرحد پر سمگلنگ پر قابو پانے سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔برادر دوست ممالک بالخصوص چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کی معاشی بحالی میں کردار قابل ستائش ہے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ گوگل ،سٹار لنک اور دیگر بین الاقوامی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں، کاروباری برادری کے تعاون کے بغیر یہ کامیابیاں ممکن نہ تھیں، پاکستان کے روشن مستقبل پر سب کو غیر متزلزل اعتماد ہونا چاہیے۔
آرمی چیف نے کراچی کی کاروباری برادری کو یقین دہانی کرائی کہ فوج غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کے لیے پُرعزم ہے، کراچی کی کاروباری برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے،آرمی چیف نے تجارتی برادری کو ملکی معیشت کی ترقی میں کردار ادا کرنے اور ایس آئی ایف سی کے ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت دی۔