ہنر مند خواتین اور بچیاں بلوچستان کا اثاثہ ہیں،رضا الرحمٰن
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ پریس کلب کے سابق صدر سینئر صحافی رضا الرحمٰن نے کہا ہے کہ ہنر مند خواتین اور بچیاں بلوچستان کا اثاثہ ہیں، حکومت تکنیکی تعلیم اور تربیت فراہم کرنے والے اداروں اور ان میں زیر تعلیم بچوں کی معاونت کرے۔یہ بات انہوں نے ہیومن ایڈو کیسی اینڈ ڈویلپمنٹ کے زیراہتمام دستکاری و دیگر شعبوں میں ہنر سیکھنے اور انگلش لینگویچ کا کورس مکمل کرنے والی خواتین اور بچیوں میں اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، تقریب سے ہیومن ایڈوکیسی اینڈ ڈویلپمنٹ کی چیف ایگزیکٹو سمیرا ناز، پروگرام مینجر فیض اللہ درانی، سید سکندر زمان شاہ نے بھی خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صحافی رضاالرحمٰن نے کہا کہ اکیسویں صدی میں ٹیکنالوجی کی جدت نے نئے شعبوں کو جنم دیا ہے معاشرے میں ووکیشنل ایجوکیشن، پیشہ وارانہ و فنی تعلیم کی اہمیت بڑھ گئی، غیر سرکاری ادارے نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی، کاسمیٹکس، روایتی دستکاری اور گھریلو صنعتکاری کے شعبوں میں ہنر مند بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں حکومت ہنر سیکھانے والے ان اداروں کی معاونت اور صوبے بھر میں ٹیکنیکل اور ووکیشنل تعلیمی اداروں میں طلبا و طالبات کو فنی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی عملی تربیت کے لئے بھی ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے تاکہ وہ ہنر سیکھ کر معاشرے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ اس موقع پر ہیومن ایڈو کیسی اینڈ ڈویلپمنٹ کی سی او مس سمیرا ناز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہیومن ایڈوکیسی اینڈ ڈویلپمنٹ خواتین اور بچیوں کو مختلف شعبوں میں ہنرمند بنانے کیلئے دستیاب وسائل میں اپنا کردار ادا کررہی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ صوبے کی خواتین اور بچیاں دستکاری و دیگر ہنر سیکھ کر معاشرے میں کارآمد شہری بن کر سماج کی خدمت کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمارے ادارے سے 36کے قریب خواتین اور بچیاں تربیت حاصل کرکے معاشرے میں اپنا مقام پیدا کرنے جارہے ہیں جبکہ آئندہ ماہ مزید خواتین اور بچیاں بھی اپنی تربیت مکمل کریں گی۔