قوم اور ملک کی ترقی جدید علوم سے ممکن ہے،ڈپٹی کمشنر سبی
سبی(ڈیلی گرین گوادر)ڈپٹی کمشنر سبی جہانزیب شیخ نے کہا ہے کہ قوم اور ملک کی ترقی جدید علوم سے ممکن ہے اور ان علوم کا حصول اساتذہ کی بہتر استعداد کار اور محنت میں مضمر ہے چونکہ اساتذہ کا مقام سب سے افضل ہے لہذا اپنے معیار اور رتبے کا خیال رکھتے ہوئے بچوں کی پڑھائی اور تربیت میں کوئی کمی یا کسر باقی نہ رکھی جائے طلباء اور طالبات کے تعلیمی معیار پر اساتذہ کرام خصوصی توجہ برقرار رکھیں ان خیالات کا اظہار انہوں نےگزشتہ روز گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ریلوے کالونی اور گورنمنٹ بوائز ہائی سکول ریلوے کالونی کے دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر اسکولوں کے پرنسپل صاحبان بھی ان کے ہمراہ تھے ڈپٹی کمشنر سبی گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ریلوے کالونی کی عمارت کی صفائی ستھرائی اور تزئین و آرائش کو دیکھ کر بہت متاثر ہوئے انہوں نے کلاس رومز اور تعلیمی سہولیات کا بھی جائزہ لیا اور مختلف کلاس رومز میں جا کر طلباء اور طالبات سے ان کے مضامین کے متعلق سوالات بھی کیے ڈپٹی کمشنر سبی نے کہا کہ بچوں کے تعلیمی معیار پر اساتذہ کرام خصوصی توجہ برقرار رکھیں والدین اور اساتذہ کرام کی محنت سے بچے کامیابی کی منازل طے کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ بہتر تعلیی ماحول اور اعلیٰ تعلیم ہماری اولین ترجیح ہے ملک کے ان معماروں کا مستقبل اساتذہ سے وابستہ ہے اگر اساتذہ اپنے فرائض پوری طرح نبھائیں تو انشاءاللہ ہمارا مستقبل روشن ہوگا۔