پی ٹی آئی رہنماؤں کی مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات، آئینی ترمیم پر مشاورت
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)آئینی ترمیم کے حوالے سے مشاورت کے لیے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے جے یو آئی(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کی ہے۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں سلمان اکرم راجا اور حامد رضا نے سربراہ جے یو آئی(ف) فضل الرحمٰن سے ملاقات کی۔ملاقات میں جے یو آئی(ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ بھی موجود تھے جس میں آئینی ترمیم کے مسودے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سلمان اکرم راجا نے کہا کہ فضل الرحمٰن نے حکومت کو ووٹ دینے پر کسی قسم کی آمادگی ظاہر نہیں کی ہے۔اس موقع پر صاحبزادہ حامد رضا نے میڈیا کو بتایا کہ مولانا فضل الرحمٰن نے دو ٹوک انداز میں کہا ہے کہ وہ عوام کے خلاف کسی اقدام کا حصہ نہیں بنیں گے۔