توہین مذہب کے ملزم ڈاکٹر شاہنواز کو جعلی پولیس مقابلے میں قتل کیا گیا، وزیر داخلہ
کراچی(ڈیلی گرین گوادر)وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کا کہنا ہے کہ عمر کوٹ میں توہین مذہب کے ملزم ڈاکٹر شاہنواز کنبھار کو جعلی پولیس مقابلے میں قتل کیا ہے۔صوبائی وزیر داخلہ ضیاء لنجار نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمرکوٹ میں پولیس اہلکاروں پر جعلی مقابلے کا الزام تھا، انکوائری میں الزام درست ثابت ہونے پرا اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔
ضیاء لنجار نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر ڈاکٹر شاہنواز کے قتل سے متعلق انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، انکوائری کے دوران سی سی ٹی وی سے بھی مدد لی گئی، تحقیقات مکمل کرکے وزیرِاعلیٰ سندھ کو رپورٹ پیش کی گئی، انکوائری کمیٹی کی یہ رپورٹ 31 صفحات پر مشتمل ہے۔