کوئٹہ،ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں نقل کے دوران 50 سے زائد طلباء و طالبات گرفتار،ڈیوائسز برآمد،مقدمہ درج

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ میں میڈیکل کالجز کے ٹیسٹ کے امتحان ایم ڈی کیٹ میں نقل کے دوران 50سے زائد طلباء و طالبات اور 2 سہولت کار گرفتار، نقل کے لئے استعمال ہونے والی ڈیوائسز برآمد مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو کوئٹہ میں بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (بیوٹمز)میں ملک بھر کے میڈیکل کالجز کے داخلہ ٹیسٹ ایم ڈی کیٹ کا انعقاد کیاگیا۔ ٹیسٹ کے دوران سیکورٹی فورسز اور انتظامیہ کو اطلاع ملی کہ بعض امیدوار بلیوٹوتھ ڈیوائس کے ذریعے نقل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس پر امتحانی مراکز میں دوران چیکنک 50سے زائد طلباء اور طالبات کو گرفتار کرلیا گیا۔وائس چانسلر بولان میڈیکل یونیورسٹی شبیر لہڑی، پولیس اور سیکورٹی فورسز کے ذرائع نے این این آئی کو بتایا کہ پکڑ ے گئے امیدواروں سے بلیوٹوتھ ڈیوائسز برآمد ہوئی ہیں جن کے ذریعے کوئٹہ میں بیٹھے 2اور اسلام آباد میں موجود فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے ایک ریٹائرڈ سرکاری ملازم کے ذریعے امیدواروں کو پرچے حل کروائے جارہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ پکڑے گئے زیادہ تر امیدوارں کا تعلق خیبر پختونخواء جبکہ کچھ امیدوار وں کاتعلق کوئٹہ سے بھی ہے۔ تمام امیدواروں نے اپنی رجسٹریشن کوئٹہ میں اس لئے کروائی تھی تاکہ وہ یہاں با آسانی نقل کر سکیں گے۔ذرائع نے بتایا کہ نقل کرتے ہوئے پکڑے جانے والے امیدواروں کے خلاف مقدمہ درج کرالیا گیا ہے جبکہ 2سہولت کار بھی کوئٹہ سے گرفتار کر لئے گئے ہیں۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ امیدواروں کو نقل میں استعمال ہونے والی ڈیوائسز 30ہزار سے لیکر 1لاکھ روپے تک فروخت کی گئی تھیں۔پولیس حکام کی جانب سے گرفتار افراد سے مزید تفتیش جاری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے