مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کا اگلے ماہ دورہِ پاکستان کا اعلان

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)بھارت کے نامور مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے شیخ فارق نائیک کے ہمراہ اگلے ماہ پاکستان کے دورے کا اعلان کردیا ہے۔ ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری کردہ شیڈول کے مطابق وہ اکتوبر میں پاکستان آئیں گے اور 3 شہروں میں خطاب کریں گے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ڈاکٹر ذاکر نائیک کے آفیشل اکاؤنٹ سے دورہ پاکستان کا اعلان کیا گیا، حکومت پاکستان کی جانب سے ان کو دعوت دی گئی جس کو قبول کرتے ہوئے انہوں نے دورے کا اعلان کیا۔

سوشل میڈیا پوسٹ میں ڈاکٹر ذاکر نائیک کے دورہ پاکستان کا شیڈول بھی درج تھا جس میں بتایا گیا کہ وہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔ڈاکٹر ذاکر نائک کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پہلا اجتماع 5 اور 6 اکتوبر کو کراچی میں ہوگا، اس کے بعد 12 اور 13 اکتوبر کو لاہور جبکہ 19 اور 20 اکتوبر کو اسلام آباد میں اجتماع سے خطاب کریں گے۔

سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا گیا کہ ان کے خطاب مذہبی ٹی وی چینل پیس ٹی وی سے براہ راست نشر بھی کیے جائیں گے۔ انہوں نے اپنے اجتماع کا ٹائٹل پیس ٹالکس لکھا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی 2020 میں انہوں نے پاکستان کے دورے کا اعلان کیا تھا، تاہم کورونا وبا کی وجہ سے وہ پاکستان نہیں آسکے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے