صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے،عمران خان آفریدی
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) سیکرٹری اطلاعات بلوچستان اور چیئرمین بلوچستان تھرو بال ایسوسی ایشن عمران خان آفریدی نے کہا ہے کہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور صوبے کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو تمام تر سہولیات کی فراہمی کیلئے صوبائی سطح پر ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل کوئٹہ انٹر انسٹیٹیوشنز منسٹر ایجوکیشن محترمہ راحیلہ حمیدخان درانی بوائز تھرو بال لیگ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ کے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ فائنل میچ کلی شیخان سکول اور سبزل سکول کے مابین کھیلا گیا۔ میچ کا آغاز صبح 10.30بجے ہوا۔ تمام سکول جنھوں نے ٹورنامنٹ میں حصہ لیا تھا ان کی ٹیمیں بھی سٹیڈیم میں موجود تھے۔ سبزل سکول کی ٹیم نے کلی شیخان سکول کو ہرا کر فائنل میچ اپنے نام کرلیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اطلاعات و چیئرمین تھرو بال ایسوسی ایشن نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی کھیلوں میں خصوصی دلچسپی لے کر ملک و صوبے کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ ہم اپنے کھلاڑیوں کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کریں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کھیل اور کھلاڑیوں کی معاونت کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی سیکرٹری نے کھلاڑیوں اور افیسرز میں انعامات تقسیم کئے۔