سینیٹ تو مکمل ہی نہیں،ترامیم کیسے منظور ہو سکتی ہیں؟علی محمد خان
راولپنڈی (ڈیلی گرین گوادر)رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے کہا ہے کہ سینیٹ تو مکمل ہی نہیں، سینیٹ سے ترامیم کیسے منظور ہو سکتی ہیں؟
راولپنڈی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آئینی ترامیم سے صرف سپریم کورٹ کا نام رہ جائےگا، یہ غیرآئینی ترامیم کر رہے ہیں۔مزید کہنا تھا کہ سینیٹ تو مکمل ہی نہیں، سینیٹ سے ترامیم کیسی منظور ہو سکتی ہیں، قومی اسمبلی میں بھی ہمیں مخصوص نشستیں نہیں ملیں، قومی اسمبلی بھی نامکمل ہے۔علی محمد خان نے کہا کہ پہلے ہمیں ہمارا مینڈیٹ دیا جائے، عمران خان کو رہا کیا جائے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ ہم کس نظام کی جانب چل رہے ہیں، پہلے ہمارے لیڈر کو باہر لایا جائے، مزید کہنا تھا کہ کسی کے ذہن میں فتور آیا تو پھر کارکن اسے نہیں چھوڑےگا، چور چوری بھی کرتا ہے اور سینہ زوری بھی۔رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہمیں مسلم لیگ (ن) سے پہلے ہی کوئی توقع نہیں تھی، پیپلزپارٹی کے کردار پر بھی بڑا سوالیہ نشان ہے۔