ترامیم کا مسودہ دیکھ کر جواب دینگے، پوری حکومت مولانا کی ہاں یا ناں پر کھڑی ہے،حافظ حمداللہ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)جے یو آئی کے رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ آئینی ترامیم کیا ہیں؟ یہ نہ اپوزیشن کو پتہ ہے، نہ اتحادی جماعتوں کوکو پتہ ہے پوری حکومت مولانا کی ہاں اور ناں پر کھڑی ہے، ہم پوچھتے ہیں یہ ترامیم عدلیہ کی آزادی کے لیے ہیں یا عدلیہ کو کنٹرول کرنے کے لیے؟ ہم انتظار کرتے رہے مگر مسودہ ابھی تک نہیں دکھایا گیا اگر حکومت مسودہ شیئرکرے تواس پرہم اپنا جواب دیں گے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حمداللہ نے کہا کہ وہ قانون سازی ہونی چاہیے جو ملک اور عوام کے مفاد میں ہو کابینہ ارکان سے بھی آئینی ترامیم کو چھپایا جا رہا ہے، اگر یہ آئینی ترامیم ملکی مفاد میں کی جا رہی ہیں تو انہیں چھپایا کیوں جا رہا ہے؟ یہ ترامیم عدلیہ کی آزادی کے لیے ہیں یا اس کو کنٹرول کرنے کے لیے؟ اگر حکومت مسودہ شیئر کرے تو اس پر ہم اپنا آٹ پٹ دیں گے، آپ یہ بتائیں کہ آپ کو کس نے مجبور کیا ہے؟ آپ کو جلدی کیا ہے؟جے یو آئی کے رہنما نے کہا کہ ججز کی مدتِ ملازمت بڑھانے کے معاملے کی مخالفت کر رہے ہیں،حکومت کے ساتھ نہیں، حکومت ترامیم کا مسودہ دکھائے اور حکومت کو ہمیں منانا ہو گا کہ وجوہات کیا ہیں؟ اگر آپ عدلیہ میں اصلاحات لانا چاہتے ہیں تو ہمیں اعتراض نہیں، جب مجھے پتہ ہی نہیں ہے کہ مسودے میں ہے کیا؟ تو میں کیا بات کروں؟ جلد بازی، مجبوری اور خفیہ طریقے پر آپ یہ ترامیم کیوں لا رہے ہیں؟ کیا ہم کوئی بھیڑ بکری ہیں؟