آئین کی بالادستی کے بغیر پارلیمنٹ سمیت کوئی ادارہ نہیں چل سکتا،بلاول بھٹو

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آئین کی بالادستی کے بغیر پارلیمنٹ سمیت کوئی ادارہ نہیں چل سکتا، ہم نے سیاست کو گالی بنا دیا، حکومت کا کام آگ بجھانا ہے لگانا نہیں۔

قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ عوام نے اپنے نمائندوں کو منتخب کیا، ہم نے سیاست کو گالی بنادیا ہے، اسمبلی کی گیلریز میں اس وقت طلبا جو ملک کا مستقبل ہیں وہ بیٹھے ہیں، گیلری میں بیٹھے ہوئے لوگ ہمیں دیکھ کر ایک بھی سیاستدان بننا نہیں چاہے گا، ہم نے اسی سیاست سےعوام کو تحفظ، ریلیف دینا ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم باہر جو سیاست کریں وہ ہمارا مسئلہ ہے لیکن ایوان کےاندر ہمیں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا، آئین کی بالادستی کے بغیر پارلیمنٹ سمیت کوئی ادارہ نہیں چل سکتا، سیاست اپنی جگہ لیکن ہمیں ورکنگ ریلیشن شپ رکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی ہیں، حکومت کا کام آگ بجھانا ہے مزید آگ لگانا نہیں، اپوزیشن کا بھی یہ کام نہیں کہ ہر وقت گالی دے، ہمیں اپنی ذمہ داریوں کو دیکھنا ہو گا، انہیں نبھانا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت یہ سوچے گی کہ اینٹ کا جواب پتھر سے دینا ہے تو یہ ایک دن کی خوشی ہو گی اگلے دن آپ بھی اسی جیل میں ہوں گے، اگر ہم آپس کی لڑائی میں لگے رہے تو ملک کیسے آگے بڑھے گا؟پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے کوئی ذاتی مخالفت نہیں، عمران خان نے ماحول خراب کر دیا تھا، آپ بھی وہی کریں گے جو انہوں نے کیا تو کل آپ اور میں بھی جیل میں ہوں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہمارا حکومت کے ساتھ اختلاف رائے ہوتا ہے، اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ کسی نے میرے باپ کو یا میری ماں کو جیل میں ڈالا، آپ کا لیڈر کچھ عرصے کے لیے جیل میں ہے، کوئی فرق نہیں پڑتا، ان کا کیس میرٹ پر لڑیں۔بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسی پر تنقید کرتا آرہا ہوں، ان کے ساتھ مختلف میٹنگز میں بیٹھتا ہوں، سیاسی اختلاف رائے ہو سکتا ہے، ہم نے مہنگائی کا مقابلہ کرنا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے