عصر حاضر میں فنی تعلیم کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں،بابا غلام رسول عمرانی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) صوبائی مشیر محنت و افرادی قوت بابا غلام رسول عمرانی نے کہا ہے کہ عصر حاضر میں فنی تعلیم کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔ صوبے کے نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق مختلف ہنر سے آراستہ کرنے کے دوررس نتائج نکلیں گے۔ یہ باتیں انہوں نے ٹیکنیکل ٹریننگ سنٹر کوئٹہ کے دورے کے موقع پر گفتگو میں کہی۔پرنسپل شعیب انور شیرازی نے انہیں مختلف شعبوں کا دورہ کرایا۔اس موقع پر سیکرٹری محنت و افرادی قوت نیاز احمد نیچاری ڈائریکٹر افرادی قوت تربیت ارشاد احمد ڈی جی لیبر بشیر احمد سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔بابا غلام رسول عمرانی نے کہا کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن کسی بھی معاشرے کے تعلیمی اور معاشی استحکام کی ضامن ہوتی ہے جن ممالک نے فنی تعلیم کو اپنی عمومی تعلیم کا حصہ بناکر اس پر توجہ دی وہاں معاشی ترقی کی رفتار زیادہ ہے۔ ہمارے ملک کی کثیرآبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ انہیں جدید علوم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مختلف فنون و شعبہ جات میں تربیت دے کر ملک کی تیز رفتار ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت فنی تعلیم کے فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے