جمہوری اور غیرجمہوری قوتوں کی لڑائی کھل کر سامنے آگئی ہے،محمود خان اچکزئی
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنما محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوری اور غیرجمہوری قوتوں کی لڑائی پہلے سے جاری تھی جو اب کھل کر سامنے آگئی ہے۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیئر سیاستدان محمود اچکزئی نے کہا کہ جمہوری اور غیرجمہوری قوتوں کی لڑائی میں ہم جمہوری صفوں میں کھڑے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے آئین کے دفاع کا حلف لیا تھا، دیکھیں گے کہ میدان میں کون قربانی دیتا ہے، جتنی بھی قربانیاں دینی پڑیں، ہم قربانیاں دینے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی سے کل گرفتار ہونے والے پی ٹی آئی رہنماؤں کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ سنگجانی اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا تھا کہ لاکھوں لوگوں کا ساتھ ہونے کے باوجود پی ٹی آئی کا انقلاب اس لیے نہیں آرہا کیوں کہ انقلاب کے لیے بنیادی چیز تنظیم ہوتی ہے، پی ٹی آئی کارکنان کی عمران خان سے محبت اور عشق اپنی جگہ لیکن ان میں تنظیم کی کمی ہے۔
محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ آپ اندازہ لگائیں کہ آپ جب اسٹیج پر چڑھتے ہیں تو لوگوں کے کپڑے پھٹ جاتے ہیں، لوگوں کی جیبیں کٹ جاتی ہیں، لوگ اسٹیج سے نیچے گرتے ہیں، ایسا مجمع انقلاب نہیں لاسکتا، انقلاب کے لیے بنیادی شرط تنظیم ہوتی ہے۔