بی بی آئی ایس ای نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2024 کے نتائج کا اعلان کردیا،کامیابی کی مجموعی شرح93.9 فیصد رہی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے انٹر میڈیٹ سالانہ امتحان2024 میں شمریز خان اور شریف اللہ نے 1051نمبر لیکر بلوچستان بھر میں پہلی جبکہ محمد زاہداور سجاد حسین نے 1050نمبر لیکر دوسری اور سلمہ محبوب نے 1049نمبر لیکر تیسر ی پوزیشن حاصل کر ل ی۔منگل کو بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے انٹر میڈیٹ سالانہ امتحان2024 کے نتائج کا اعلان کردیا،انٹر میڈیٹ امتحانات میں طلباء کے کامیابی کی مجموعی شرح 93.9 فیصد رہی۔بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے جا ری کر دہ اعلامیہ کے مطابق انٹر میڈیٹ امتحانات میں 99ہزار 8سو 87طلبا و طالبات امتحانات میں شریک ہوئے جس میں 93ہزار 7سو 68 کامیاب قرار پائے، فرسٹ ایئر کے سالانہ امتحان میں 46ہزار 4سو90طلباء شریک ہوئے، سیکنڈ ایئر کے سالانہ امتحان میں 53ہزار 3سو 97طلباء شریک ہوئے، فرسٹ ایئر اور سیکنڈ ایئر میں کل 3055طلباء مختلف مضامین میں غیر حاضر رہے جبکہ 83طلباء کا نتیجہ دوران امتحان ناجائز ذرائع استعمال کر نے کی بناء پر منسوخ کیا گیا، اعلامیہ کے مطابق انٹر میڈیٹ کے سالانہ امتحانات میں لڑکوں نے پہلی دو پوزیشن حاصل کر کے میدان مار لیا، بلو چستان ریزیڈنشل کالج ژوب کے طالبعلم شمریز خان اور شریف اللہ نے 1051نمبر لیکر بلوچستان بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی اوربلو چستان ریزیڈنشل کالج ژوب کے طالبعلم محمد زاہد اور بلو چستان ریزیڈنشل کالج لورالائی کے طالبعلم سجاد حسین نے 1050نمبر لیکر بلوچستان میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی جبکہ گورنمنٹ انٹر کالج بسیمہ کی طلبہ سلمہ محبوب نے 1049نمبر لیکر تیسر ی پوزیشن حاصل کی۔ بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے چیئرمین اعجاز احمد بلوچ، کنٹرولر امتحانات عابدہ کاکڑ اور سیکریٹری بورڈ محمد عظیم ساجدی نے کامیاب ہونے والے طلباء کو بالعموم اور پوزیشن لینے والوں کو بالخصوص مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان نوجوانوں سے قوم کی بڑی توقعات وابستہ ہیں امید ہے کہ یہ طلباء و طالبات مزید محنت کر کے ملک و قوم اور خاص طور پر صوبے کا نام روشن کرینگے۔ کیونکہ ہمارا مستقبل ان سے وابستہ ہے، کنٹرولر بورڈ نے امتحان کے انعقاد اور رزلٹ کی تیاری میں بھر پور معاونت پر بلوچستان کے قابل قدر اسا تذا کرام، بورڈ کے عملہ بالخصوص شعبہ امتحانات رزلٹ برانچ، آئی ٹی سیکشن اور بورڈ کی خصوصی معائنہ ٹیموں کا شکریہ ادا کیا۔