ن لیگ وفد کا سردار اختر مینگل سے ملاقات،استعفیٰ واپس لینے کی درخواست
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) ن لیگ کا وفد سرداراختر مینگل سے ملاقات کے لیے پارلیمنٹ لاجز پہنچا۔ وفد میں رانا ثنااللہ، طارق فضل چوہدری، عثمان بادینی، اعجاز جاکھرانی اور خالد مگسی شامل ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جو بھی ان کی ناراضگی ہے کوشش کریں گے کہ اسے دور کریں اور ان کو ساتھ لے کر چلیں۔ذرائع کے مطابق حکومتی وفد نے سردار اختر مینگل سے استعفیٰ واپس لینے کی درخواست کرتے ہوئے بلوچستان کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
سردار اختر مینگل نے پارلیمان میں بلوچستان کے مسئلے پر بحث نہ ہونے کا شکوہ کیا اور کہا کہ مجھے اسمبلی کے فلور پر بولنے کا موقع نہیں دیا جاتا، بلوچستان کے حالات ہاتھ سے نکلتے جا رہے ہیں اور کسی کو پروا نہیں۔