نیب بلوچستان کی جانب سے بلوچستان ایگریکلچر کالج کوئٹہ میں بدعنوانی کے خلاف آگاہی لیکچر کا اہتمام
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)قومی احتساب بیورو (نیب) بلوچستان نے بلوچستان ایگریکلچر کالج کوئٹہ میں بدعنوانی کے خاتمے میں طلباء کے کردار کے حوالے سے آگاہی لیکچر کا انعقاد کیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب (بلوچستان) عمران مجید نے ادارے کے طلباء اور فیکلٹی ممبران سے خطاب کیا۔ اس سیشن کا بنیادی مقصد طالب علموں کو بدعنوانی سے نمٹنے میں ان کے کردار کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب نے اس موضوع کے اعتبار سے ایک شفاف اور جوابدہ معاشرے کی تعمیر میں اخلاقی اقدار اور دیانتداری کی اہمیت پر زور دیا۔ کالج کے رجسٹرار رحمت علی کاکڑ نے بھی اس موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا، ایمانداری اور جوابدہی کے کلچر کو فروغ دینے میں نوجوانوں کی اجتماعی ذمہ داری پر زور دیا۔ انہوں نے نوجوان نسل میں بیداری اور انسداد بدعنوانی کے اقدامات کو فروغ دینے میں نیب کی کوششوں کو سراہا۔ تقریب میں سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب نے سوالات کا جواب دئیے۔اس لیکچر نے طالب علموں کو دیانتداری کا حامی بننے اور زندگی کے تمام شعبوں میں بدعنوان طریقوں کا مقابلہ کرنے کی ترغیب دینے اور بااختیار بنانے کے ایک اہم موقع کے طور پر کام کیا۔ تقریب میں ایک حلف برداری کی تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں شرکاء نے سچ بولنے، کرپشن سے بچنے اور کرپشن کے خلاف جنگ میں حصہ لینے کا عہد کیا۔