اسلام آباد،ڈی چوک میں یوٹیلٹی اسٹورز ملازمین اور پولیس آمنے سامنے، سرینا اور نادرا چوک سیل
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش کے فیصلے پر ملازمین کی جانب سے احتجاجی دھرنے کے دوران ایک ملازم زندگی کی بازی ہار گیا۔
اے سی اسلام آباد فرحان احمد نے ملازمین سے احتجاج ختم کرنے کی درخواست کی لیکن ملازمین نے انکار کر دیا۔ ملازمین کی بڑی تعداد ڈی چوک پہنچ گئی ہے، پولیس اور احتجاجی ملازمین آمنے سامنے ہیں، پولیس نے واٹر کینن کی گاڑیاں بھی منگوا لی ہیں۔ڈی چوک، سرینا چوک اور نادرا چوک کو سیل کر دیا گیا ہے، ڈی چوک پر یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین نے دھرنا دے دیا ہے، ایمبیسی روڈ اور فضل حق روڈ بھی بند کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ رات گئے یوٹیلٹی اسٹورز ہیڈ آفس کے سامنے دھرنا میں موجود ملازم نیاز محمد زندگی کی بازی ہار گیا، وہ بنوں ریجن میں یوٹیلٹی اسٹور کا سیل مین تھا۔وہ دیگر ساتھیوں کے ہمراہ اسٹورز کی بندش کے خلاف احتجاج میں شرکت کرنے کے لئے اسلام آباد آیا تھا، مرحوم کی میت آج صبح بنوں روانہ کر دی گئی ہے۔
احتجاجی دھرنے میں موجود ایک اور ملازم محبوب احمد خان کو فالج کا اٹیک ہوا، جس کا تعلق مردان ریجن سے ہے، ابتدائی علاج کے بعد ملازم کو آبائی علاقے روانہ کر دیا گیا ہے۔یوٹیلٹی ملازمین کا کہنا ہے کہ جب تک حکومت یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش کا فیصلہ واپس نہیں لیتی ہمارا احتجاج اور دھرنا جاری رہے گا۔