گیس پائپ لائن سے متعلق ایران نے پاکستان کےخلاف ثالثی عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا
تہران(ڈیلی گرین گوادر)گیس پائپ لائن سے متعلق ایران نے پاکستان کے خلاف ثالثی عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ایران نے پاکستان کو آخری نوٹس جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا اگلے ماہ ستمبر میں پائپ لائن سے متعلق پیرس کی ثالثی عدالت سے رجوع کرنے کا ارادہ ہے۔حکومتی ذرائع نے بتایا کہ ایران کے پاکستان کے خلاف ثالثی عدالت سے رجوع کرنے کے معاملے پر پاکستان اور ایران سفارتی سطح پر رابطے میں ہیں۔
حکومتی ذرائع نے بتایا کہ ثالثی میں پاکستان کا کیس مضبوط ہے، تاہم نوٹس کےمندرجات کو معاہدے کی پابندی کی وجہ سے خفیہ رکھا گیا ہے۔حکومتی ذرائع کے مطابق بعض میڈیا جرمانے کی رقم پر قیاس آرائیاں کرکے سنسنی پھیلا رہے ہیں، ایران نے بھی رقم کی کوئی بات نہیں کی ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا تھا کہ بعض میڈیا پر چلنے والی خبروں کا پاکستان کےخلاف استعمال ہونے کا اندیشہ ہے اس لیے ملک کے وسیع تر مفاد میں گیس پائپ لائن منصوبے سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کیا جانا چاہیے ۔ذرائع کے مطابق جو بھی معاملات ہیں ان کوسفارتی سطح پر دیکھا جارہا ہے۔