ملک میں کسی بھی قسم کی دہشت گردی قطعاً قبول نہیں،وزیراعظم
اسلام آباد(ڈیلی گرین گو ادر) وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے علاقے موسیٰ خیل اورقلات میں ہو نے والے حملوں کی مذمت کر تے ہوئے شہداء کے لئے دعائے مغفرت اور ان کے لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مقامی انتظامیہ کو لواحقین سے مکمل تعاون اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ واقعات کے ذمے دار دہشت گردوں کو سزائیں دی جائیں گی ملک میں کسی بھی قسم کی دہشت گردی قطعاً قبول نہیں، ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔انہوں نے کہاکہ دہشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے قیامِ امن کیلئے پولیس و سیکورٹی اداروں کی لازوال قربانیوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی ملک دشمن عناصر ایسی بزدلانہ کاروائیوں سے پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کے ملک میں انتشار پھیلانے کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے دہشتگردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،وزیر اعظم نے دہشتگردی کے واقعات کی فوری تحقیقات اور ذمہ داران کی نشاندہی کرکے انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی،وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے شہداء کی مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔