بلوچستان کے موجودہ حالات پر بحث کرائی جائے،پی ٹی آئی کا قومی اسمبلی اجلاس سے واک آؤٹ

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے، جبکہ پی ٹی آئی نے بلوچستان کے موجودہ حالات پر بحث نہ کرانے پر اجلاس سے واک آؤٹ کردیا۔

اجلاس سے واک آؤٹ کے بعد اپنے ویڈیو بیان میں سابق اسپیکر اسد قیصر نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ بلوچستان کی صورتحال پر ایوان میں بحث ہو لیکن اسپیکر کی جانب سے معمول کے مطابق اجلاس چلایا جارہا ہے جو ہمیں قبول نہیں۔

دوسری جانب اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے اپنے بیان میں کہاکہ ہم چاہتے تھے بلوچستان کے واقعات، رحیم یار خان میں دہشتگردی پر بات ہو لیکن حکومت سنجیدہ نہیں۔

انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ ہم ختم نبوت کے حوالے سے آنے والے فیصلے پر بھی بات کرنا چاہتے تھے کیونکہ اپوزیشن نے اس معاملے پر اسٹینڈ لیا تھا، حکومت اگر اپوزیشن کی آواز کو کچلے گی تو یہ جمہوریت نہیں ہوگی۔ جبکہ عوام کو آواز کو دبانے سے ملک میں لاقانونیت مزید بڑھے گی۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہاکہ بلوچستان میں لسانی بنیادوں پر لوگوں کو قتل کیا جارہا ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ پنجاب پولیس اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں سے غافل ہوچکی ہے، افسران فورس کو صرف پی ٹی آئی کے خلاف استعمال کررہے ہیں۔اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ پنجب میں کچے کے ڈاکوؤں کی پشت پناہی پکے کے ڈاکو کررہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے