قوموں کی تعمیر و ترقی میں استاد کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے،حمزہ شفقات

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ قوموں کی تعمیر و ترقی میں استاد کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ استاد علم اور عمل کا سرچشمہ ہوتا ہے۔ عبدالرشید کاکڑ جیسے استاد ہمارے اور دیگر اساتذہ کرام کے لیے مشعل راہ ہے ہمیں ان کی خدمات پر فخر ہے انہوں نے اپنی کارکردگی سے پورے صوبے کا نام روشن کر دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدارتی تمغہ حسن کارکردگی حاصل کرنے والے استاد عبدالرشید کاکڑ سے ملاقات کے موقع پر کیا۔اس موقع پر انہوں نے تمام ڈویژنل ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ عبدالرشید کاکڑ کو وی آئی پی کا درجہ دیکرتمام سرکاری دفاتر میں انہیں خصوصی پروٹوکول دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں نمایاں کارکردگی اور خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ صدر پاکستان کی جانب سے عبدالرشید کاکڑ کو تمغہ حسن کارکردگی کا ایوارڈ ملنا باعث فخر ہے۔ تعلیم کے شعبے سے منسلک دیگر افراد بھی ایسی کارکردگی مظاہرہ کریں تاکہ تعلیم کے شعبے میں بہتری اور ترقی ممکن ہو سکے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو ہدایت کی کہ محکمہ تعلیم کے تعاون سے اساتذہ کے لیے ایک تربیتی لیکچر کا انعقاد کیا جائے جس میں عبدالرشید کاکڑ کو مہمان خصوصی مدعو کریں تاکہ وہ اپنے تجربات سے انہیں اگاہ کریں تاکہ دیگر اساتذہ بھی ان کی راہ پر چلتے ہوئے صوبے کے لیے نیک نامی اور صوبے کا نام روشن کر سکے۔ملاقات میں تمغہ حسن کارکردگی حاصل کرنے والے استاد عبدالرشید نے کمشنر کوئٹہ ڈویژن کی جانب سے حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کمشنر کوئٹہ ڈویژن تمام سرکاری افسران کے لیے رول ماڈل ہے ایسے افسران ہمارا سرمایہ ہیں ان کی حوصلہ افزائی سے ہمارے حوصلے مزید بلند ہوں گے۔ آخر میں کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات نے تمغہ حسن کارکردگی حاصل کرنے والے استاد عبدالرشید کاکڑ کو تعلیم کے شعبے میں بے پناہ خدمات اور نمایاں کارکردگی پر بلوچی روایتی چھڑی پیش کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے