بلوچستان کے طلباء اور طالبات میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں،راحیلہ حمید درانی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیر تعلیم بلوچستان راحیلہ حمید خان درانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے طلباء اور طالبات میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے صوبائی حکومت نوجوانوں کو تعلیم کے مناسب مواقعوں کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے،بلوچستان میں سی اے پاکستان کی جانب سے چارٹر اکاؤنٹس کی کلاسیں 29اگست سے کوئٹہ میں شروع کرنے پر شکرگزار ہیں۔یہ بات انہوں نے پیر کو بوائے اسکاوٹس ہیڈکوارٹر کوئٹہ میں سی اے پاکستان کے زیرا ہتمام کوئٹہ میں چارٹر اکاؤنٹس کی کلاسیں شروع کرنے سے متعلق آگاہی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہی تقریب سے ماہرین تعلیم ڈاکٹرسلمان عباسی،الحمد کے سی ای او کلیم رحمانی، سہیل،شاہ خالد، خالد اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ سی اے پاکستان کی جانب سے بلوچستان میں چارٹر اکاوٹنس کی کلاسیں شروع کرنے بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے ایک بہت بڑا اقدام ہے ہم حکومت بلوچستان کی طرف سے سی اے پاکستان کو بلوچستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلے چارٹر اکاؤنٹس کی تعلیم کیلئے بلوچستان کے نوجوانوں کو دوسرے صوبوں میں جانا پڑتا تھا جس کے وہ اخراجات برداشت نہیں کرسکتے تھے اب سی اے پاکستان کی جانب سے کوئٹہ میں چارٹراکاونٹس کی باقاعدہ کلاسیں شروع کرنے سے بلوچستان کے طلباء اور طالبات کو چارٹر اکاؤنٹس کی تعلیم حاصل کرنے میں سہولت میسرآئے گی صوبائی حکومت چارٹر اکاؤنٹس کی تعلیم حاصل کرنے والے نوجوانوں کی ہرممکن امداد کو یقینی بنائے گی بلوچستان کے طلباء اور طالبات کو چاہئے کہ وہ سی اے پاکستان کی اس کوشش سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے طلباء و طالبات میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اگر انہیں مناسب مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ صوبے اور ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں صوبائی حکومت طلباء و طالبات کو ہرممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان اس ملک کا مستقبل ہیں انکی صلاحیتوں کو بروئے کار لاکرملک کوترقی و خوشحالی کی راہ پرگامزن کیا جاسکتا ہے۔ماہرین تعلیم ڈاکٹرسلمان عباسی،الحمد کے سی ای او کلیم رحمانی، سہیل،شاہ خالد، خالدنے کہا کہ سی اے پاکستان نے بلوچستان کے طلباء و طالبات کی سہولت کیلئے 29اگست سے باقاعدہ کوئٹہ میں چارٹر اکاؤنٹس کی کلاسیں شروع کرنے جارہی ہے جس سے نوجوان بھر پور استفادہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ اسوقت پاکستان میں چارٹر اکاؤنٹس کی تعداد10سے 11ہزار کے قریب ہیں جن میں سے 3ہزار کے قریب چارٹر اکاؤنٹس بیرون ملک خدمات سرانجام دے رہے ہیں جبکہ اسوقت ملک کو 20ہزار کے قریب چارٹراکاؤنٹس کی ضرورت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے