کسی میں منکی پاکس کی علامات ظاہر ہوں تو وہ قرنطینہ کرلے،ڈاکٹر مختار ملک
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار ملک نے کہا ہے کہ منکی پاکس کا واحد کیس خیبرپختونخوا سے رپورٹ ہوا، اگر کسی میں علامات ظاہر ہوں تو اسے قرنطینہ کر لینا چاہیے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت ایم پاکس پر اہم اجلاس ہوا، ایم پاکس کی جنوبی افریقہ کے انسانوں میں تشخیص 1970 میں ہوئی۔ڈاکٹر ملک مختار نے کہا کہ کسی بھی شخص کو منکی پاکس سے متاثر ہونے پر سب سے الگ ہو جانا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو ایئرپورٹس اور بارڈر پر انتظامات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا، اسی طرح ٹیسٹنگ لیبارٹریز، کٹ اور ادویات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم پاکس کی علامات 4 سے 15 دن میں ظاہر ہوتی ہیں، آئیسولیشن ہی منکی پاکس کا سب سے بہترین ٹریٹمنٹ ہے، منکی پاکس میں بخار کی صورت میں عام بخار کی دوا لی جاسکتی ہے۔ڈاکٹر مختار ملک نے کہا کہ دنیا میں تاحال 99 ہزار افراد میں ایم پاکس مثبت آچکا ہے، ملک میں اب تک منکی پاکس کے 11 کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ ایک مریض کا انتقال ہوا ہے۔
قبل ازیں، وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایم پاکس سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں انہوں نے منکی پاکس (ایم پاکس) سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں وائرس کی تازہ عالمی صورتحال اور مرض سے نمٹنے کی پیشگی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وزیر اعظم کو ایئرپورٹس، بارڈرز اور اسپتالوں میں انتظامات، ٹیسٹنگ لیبارٹریز، لیب کٹس و متعلقہ ادویات کی دستیابی اور اسکریننگ کے نظام پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں چاروں صوبوں کے اعلیٰ حکام، قومی ادارہ صحت اور این سی اوسی کے حکام شریک تھے۔اجلاس میں وزیر اعظم کے صحت کوآرڈینیٹر ڈاکٹر مختار برتھ،سیکریٹری صحت اور ڈی جی صحت بھی شریک تھے۔وزیر اعظم نے اجلاس میں تمام متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ منکی پاکستان سے بچنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔