جماعت اسلامی کا واحد دھرنا تھا جو بجلی مزید مہنگی کروا کر ختم ہوا،خالد مقبول صدیقی
کراچی(ڈیلی گرین گوادر)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا واحد دھرنا تھا جو بجلی مزید مہنگی کروا کر ختم ہوا۔
ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کراچی میں قومی شجرکاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس شہر کی دیواروں کو رنگین تو کئی بار کیا گیا مگر اسے سرسبز بنانے کی کوشش کبھی نہیں کی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے علاوہ اس ملک کے پاس اور کوئی آپشن نہیں بچا، کراچی نے پیغام دے دیا ہے کہ شہر کو چلانا ہو تو ایم کیو ایم کے علاوہ دوسرا آپشن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانے والوں کی اولادیں ہی اس ملک کو بچا اور چلا سکتی ہیں، خوشحالی کراچی میں نہ ہو تو ملک میں کہیں بھی نہیں ہوتی، اس شہر کی بدولت ملک کے حکمران پلتے ہیں مگر پلٹ کر نہیں دیکھتے، پورے ملک کے بجٹ کا 65 فیصد حصہ کراچی دیتا ہے۔
خالد مقبوؒل صدیقی کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا واحد دھرنا تھا جو سستی بجلی سے شروع ہوا اور بجلی مزید مہنگی کروا کر ختم ہوا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گورنر سندھ سے متعلق فیصلہ ایم کیو ایم سے مشاورت کے بغیر نہیں ہوگا۔