آزاد بلوچستان کے نام پر ملک سے باہر بیٹھے لوگوں کا بلوچستان کے حقوق سے کوئی سروکار نہیں،ضیاء لانگو

کوئٹہ; وزیر داخلہ بلو چستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ آزاد بلوچستان کے نام پر ملک سے باہر بیٹھے لوگوں کا بلوچستان کے حقوق سے کوئی سروکار نہیں،بیرونی ایجنڈے کو تقویت دینے کے لئے یورپ میں بیٹھے لوگ یہاں آگ اور خون کی ہولی کھیل رہے ہیں۔ اپنے جا ری کر دہ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ نام نہاد چند بلوچ رہنما یورپ کی شہریت حاصل کر کے اپنے بچوں کے ساتھ خوشحال زندگی گزاررہے ہیں بیرون ملک بیٹھ کرسوشل میڈیا کے ذریعے ہمارے لوگوں کو ورغلایا جارہا ہے ان نام نہاد لوگوں کوسوشل میڈیا ایکس کے بجائے بلوچستان آ کر حالات کا مقابلہ کرنا چاہئے باہر بیٹھے عیش و آرام کی زندگی گزارنے والے بلوچستان کے حالات خراب کرنے کی کوشش نہ کریں۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے عوام کو اب فیصلہ کرنا ہوگا کہ یورپ کے محلوں میں بیٹھے چند لوگوں کے بھکاوے میں نہ آئیں دشمن ممالک کو خوش کرنے والوں کا پاکستان بلخصوص بلوچستان کی ترقی و خوشحال سے کوئی واسطہ نہیں سوشل میڈیا پر جھوٹے پروپیگنڈوں کے ذریعے بلوچستان کے معصوم عوام کو بدامنی پر اکسایا جا رہا ہے،وزیرداخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے کہاکہ یورپ میں بیٹھ کر سوشل میڈیا اور میسجز کے ذریعے حقو ق حاصل نہیں کئے جاسکتے بلوچستان کے عوام خاص طورپر نوجوان طبقے کو بیرونی ایجنڈوں کو مسترد کرکے صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے کردار ادا کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے