بلوچستان کو کیرتھر کینال کے ذریعے پانی کی فراہمی کوٹے کے مطابق بحال نہ ہوسکی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان کو سکھر بیراج سے کیرتھر کینال کے ذریعے پانی کی فراہمی کوٹے کے مطابق بحال نہیں ہوسکی۔

بلوچستان سے ارسا کے ممبر عبدالحمید نے بتایا کہ ڈیڑھ ماہ پہلے سکھر بیراج کے 2 گیٹ پانی کے دباؤ کے باعث متاثر ہوئے تھے جس کی وجہ سے بلوچستان کو کیرتھر کینال کے ذریعے پانی کی فراہمی میں کمی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کو کیرتھر سے 2400کیوسک پانی کے بجائے بمشکل 1200کیوسک پانی مل رہا ہے جو نہر میں ٹیل تک نہیں پہنچ پارہا جب کہ پٹ فیڈر کینال سے پانی تو تقریباً پورا مل رہا ہے لیکن اس کینال کے 30کلو میٹر علاقے میں مٹی بھر جانے سے یہاں سے زمینداروں کو کم پانی مل رہا ہے۔

ممبر ارسا نے مزید بتایا کہ محکمہ آب پاشی کے سروے کے مطابق کیرتھر کینال سے پانی کی مکمل فراہمی نہ ہونے کے سبب بلوچستان کے زمینداروں کو 8 ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔دوسری جانب صوبے کے زمینداروں کا کہنا ہے کہ نصیر آباد اور جعفر آباد میں نہروں سے پانی نہ ملنے کی وجہ سے صوبے کے گرین بیلٹ میں زراعت تباہ ہوگئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے