قومی شاہراہیں بند، لوگوں میں حکومت کیخلاف نفرت پھیل رہی ہے،میر رحمت صالح بلوچ

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن ارکان نے کہا ہے کہ صوبے میں شاہراہوں کی بندش سے عوام مشکلات کا شکارہیں حکومت گوادر میں بیٹھے مظاہرین سے مذاکرات کے ذریعے معاملات کو حل کرے جبکہ حکومتی ارکان نے کہا ہے کہ مظاہرین سے مذاکرات جاری ہیں جلد ہی مسئلے کو حل کرلیا جائے گا۔جمعرات کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں نیشنل پارٹی کے رکن میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کریں عوام کی تکلیف دور کرے گوادرمیں پانی ناپید،لوگوں کوراشن نہیں مل رہاہے، قومی شاہراہیں بند ہیں لوگوں میں حکومت کے خلاف نفرت پھیل رہی ہے اپوزیشن حکومت ساتھ ہے مذاکرات کا راستہ اپنائے،گوادر کے تمام سرکاری دفاترجلا دیئے گئے ہیں،دھرنے کے مطالبات کو دیکھ کرحل نکالاجائے۔اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف میر یونس عزیز زہری نے کہا کہ حکومت اختیارات دے کیونکہ مکران مستونگ،قلات،خضدار، بند ہیں کراچی جانے کیلئے لوگوں کو دشواری کاسامنا ہے حکومت کوئی راستہ نکالے ہم تشدد کے خلا ف ہیں مسئلہ کا حل نکالا جائے سڑکوں کو کھولا جائے صوبے میں خوراک کی قلت ہے کھڑی تیار فصیلیں خراب ہورہی ہیں،ایک طرف بارش اور دوسری طرف سڑکیں بند ہیں، شاہراوں کی بندش کے باعث ہم اپنے حلقوں میں نہیں جاسکتے صوبائی وزیر حاجی میر علی مدد جتک نے کہاکہ آدھابلوچستان بند ہے،3 دن سے دھرنوں والوں سے مذاکرات کی کوشش کررہے ہیں، حکومت سنجیدگی سے کام کررہی ہے،جلد حل تلاش کرلیں گے۔انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنیکاسب کوحق ہے مگرپرامن،گوادر میں دفاترجلا دئیے گئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے