سیکرٹری اطلاعات عمران خان کا ڈی جی پی آر کا دورہ،زیرتعمیرڈیجیٹل لیب کا معائنہ
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) سیکر ٹری اطلاعات عمر ان خان نے ڈائریکٹوریٹ جنر ل پبلک ریلیشنز بلو چستان (ڈی جی پی آر) کا دورہ کیا، جہاں ڈی جی پی آر بلو چستان محمد نور کھیتران اور دیگر افسران نے ان کا استقبال کیا۔اپنے دورے کے دوران، سیکرٹری اطلاعات نے چینی سفارتخانے کے تعاون سے زیر تعمیر ڈیجیٹل لیب کے معائنہ کے علاوہ الیکٹرانک میڈیا مانیٹرنگ سسٹم اور انفارمیشن سیل کا بھی دورہ کیا۔اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات کو ڈی جی پی آر میں گوگل ورک اسپیس پروگرام کے نفاذ کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور انہوں نے اعلان کیا کہ محکمہ اطلاعات صوبے کا پہلا محکمہ ہوگا جو گوگل ورک اسپیس خدمات استعمال کرے گا۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ڈیجیٹل لیب اور گوگل ورک اسپیس کے نفاذ کے کام کو تیز کریں اور زور دیا کہ یہ خدمات ضلعی انفارمیشن دفاتر تک بھی پھیلائی جائیں گی۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ڈی جی پی آر کو جدید ٹیکنالوجی سے مکمل طور پر لیس کیا جائے گا تاکہ اس کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہو۔ سیکرٹری اطلاعات عمران خان نے محکمہ تعلقات عامہ کے افسران اور عملے کے لیے تربیتی پروگراموں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔14 اگست یوم آزادی کی تقریبات کے پیش نظر، سیکرٹری اطلاعات نے ڈی جی پی آر کو ہدایت کی کہ صوبے بھر میں اس حوالے سے منعقد ہونے والی تقریبات کو الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر نمایاں تشہیر کے لیے موثر اقدامات کئے جائیں۔