ہرنائی میں بارشوں سے سیلابی صورتحال، بلوچستان کا پنجاب سے زمینی رابطہ منقطع
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ہرنائی میں بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی جس کے باعث بلوچستان کا پنجاب سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق بارش کے باعث ندی نالوں میں سیلابی صورتحال ہے جبکہ پنجاب کوئٹہ ٹریفک مکمل بند ہونے سے مسافر پریشان ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق ژوب، موسیٰ خیل، سبی، بارکھان، کوہلو، لورالائی، زیارت اور خضدار میں چند مقامات پر تیز ہواوٴں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور شدید حبس رہے گا۔
گزشتہ روز، بلوچستان کے شہر سبی میں سب سے زیادہ 47 درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جبکہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔صوبے کے دیگر علاقوں نوکنڈی میں 46، تربت میں 44، چمن میں 41، قلات میں 35، ژوب میں 37 اور زیارت میں 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ساحلی علاقے گوادر میں 37 اور جیوانی میں 35 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔