کوئٹہ میں 7 اور 10 محرم کو موبائل فون اور انٹر نیٹ سروس بند رکھنے کا فیصلہ
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ میں 7 اور 10 محرم کو موبائل فون اور انٹر نیٹ سروس بند رہے گی۔حکومت بلوچستان نے محرم الحرام کے دوران 7 اور 10 محرم کو کوئٹہ اور 9 اور 10 محر م الحرام کو کچھی ،جھل مگسی جعفرآباد اور اوستہ محمد میں موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔محکمہ داخلہ کے حکام کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان میں محرم الحرام کے حوالے سے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
محکمہ داخلہ کے حکام کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں 7 اور 10 محرم الحرام کو صبح 6 سے رات12 بجے تک موبائل اور انٹر نیٹ سروس بند رہے گی جبکہ کچھی ،جھل مگسی جعفرآباد اور اوستہ محمد میں 9 اور 10محر م کو موبائل سروس بند ہوگی۔
محکمہ داخلہ کے حکام کے مطابق یوم عاشور پرکوئٹہ میں 18 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہوں گے ، پاک فوج کی 5 پلاٹون کیو آر ایف اسٹینڈ بائی رہے گی جبکہ 7 ،9 اور 10 محرم الحرام کے جلوسوں کی فضائی نگرانی کیلئے دو ہیلی کاپٹر بھی موجود رہیں گے۔محکمہ داخلہ کے حکام کے مطابق صوبے کے 7 اضلاع میں یکم سے10 محرم تک دفعہ 144 کے تحت موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔