لاپتہ افراد کے لواحقین سمیت احتجاجی مظاہرین پر پولیس تشدد اور گرفتاریاں قابل مذمت ہے،نیشنل پارٹی
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے کوئٹہ میں لاپتہ افراد کے لواحقین سمیت لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیئے احتجاج کرنے والے مظاہرین پر جن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل تھی پر پولیس کی وحشیانہ تشدد اور گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مظاہرین گزشتہ دس دن سے سریاب روڈ پر خواتین و بچوں سمیت پرامن دھرنا دیئے بیٹھے تھے کوئی ذمہ دار حکومتی نمائندہ ان سے مذاکرات کرنے نہیں آیا آج جب وہ پرامن مظاہرے کی صورت میں شہر کی جانب روانہ ہوئے تو پولیس نے پرامن مظاہرین پر وحشانہ تشدد کی آنسوگیس کے شیل فائر کئے خواتین اور بچوں پر تشدد کیا جس سے خواتین اور بچے زخمی ہوئے اور بعض خواتین کو گرفتار کرکے مختلف تھانوں میں بند کردیا گیا جو بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔نیشنل پارٹی کے ترجمان نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام گرفتار خواتین بچوں اور مظاہرین کو فوری طورپر رہا کردیا جائے، لوگوں کو لاپتہ کرنے کا سلسلہ بند کرکے لاپتہ افراد اور بلوچستان کے سیاسی مسلے پر بامقصد سنجیدہ مذاکرات کا سلسلہ شروع کیا جائے اور اعتماد سازی کے لیئے تمام گرفتار سیاسی کارکنوں اور جبری طور پر لاپتہ کئے گئے نوجوانوں کو فوری طور پر عدالتوں میں پیش کیا جائے۔