بلوچستان کی طلباء و طالبات میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں،آغا گل خلجی
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے سنیئر نائب صدر حاجی آغاگل خلجی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی طلباء و طالبات میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، بلوچستان کے مقامی نوجوانوں کو تعلیم و تربیت کے بہتر مواقع میسر آئے تو وہ ملک و قوم کا نام روشن کرسکتے ہیں بلوچستان میں زیور تعلیم سے آراستہ ہنر مند نوجوانوں کی کمی ہے زیر تعلیم طلباء و طالبات کو تعلیم کے ساتھ ہنر مند بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان میں مقامی سکول کے طلباء وطالبات کو بلوچستان میں کاروباری مواقعوں ودیگر سے متعلق منعقدہ پروگرام کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر کیو سی سی آئی کے نائب صدر سید عبدالاحد آغا، فوزیہ کاسی اور اساتذہ بھی موجود تھے۔چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے سنیئر نائب صدر آغا گل خلجی،نائب صدر سید عبدالاحد آغا و دیگر نے صوبے میں تجارت کے فروغ اور اس سلسلے میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے کردار بارے بتایا اور کہاکہ بلوچستان میں پائی جانے والی معدنیات،سبزی و میوہ جات،مویشی اپنا ثانی نہیں رکھتے مگر اس کے باوجود بھی اس صوبے میں غربت اور پسماندگی عروج پر ہے ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے نوجوانوں کا کردار اہمیت کا حامل ہے جب تک صوبے کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ ہنر نہیں سکھائے جاتے تب تک بے روزگاری کی عفریت سے چھٹکارا ممکن نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے طلباء و طالبات اور نوجوان نسل کی صلاحیتوں پر پورا بھروسہ ہے ہماری نوجوان نسل اور بچے ٹیلنٹ میں کسی سے کم نہیں ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ بلوچستان میں طلباء و طالبات کو بہتر مواقع فراہم کئے جائے اور انہیں تعلیم کے ساتھ ہنر کے زیور سے آراستہ کیا جائے تو وہ ملک وہ قوم کی معاشی ترقی میں بہتر کردار کرنے کے قابل ہوں گے آخر میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران کی جانب سے مقامی سکول الاحمدیہ کی پرنسپل کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔