ہم سب آئین کی نظر میں برابر کے شہری ہیں،گورنر بلوچستان

کوئٹہ 3 جولائی(ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان کا آئین ہی پاکستان کے تمام باشندوں کو مساوی حقوق اور مذہبی آزادی کا حق دینے کا ضامن ہے لہٰذا ایک ہی ملک کے اندر رہتے ہوئے ہمیں اکثریت یا اقلیت کی ترجمانی کرنے کی بجائے تمام شہریوں کے حقوق و اختیارات کیلئے مشترکہ کاوشیں کرنی ہوگی. یہ بات انہوں نے پاکستان مسلم لیگ ن بلوچستان ہندو پنچایت کے صدر راج کمار کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ ہم سب آئین کی نظر میں برابر کے شہری ہیں. علاوہ ازیں بلوچستان کے لوگ اپنے شاندار اقدار و روایات کے پیش نظر ہم رنگ، مذہب اور نسل سے بالاتر ہو کر انسان کی قدر کرتے ہیں. ویسے بھی پشتون بلوچ اقوام تمام اقلیتوں کا روزمرہ زندگی میں بہت خیال رکھتی ہیں. گورنر بلوچستان نے صوبے کی تعمیر وترقی اور تجارت کے فروغ کے حوالے سے تمام اقلیتی برادریوں کے کردار کو سراہا.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے