پاکستان حکام کے ساتھ ملاقات سے مثبت تعلقات کی امید ہے،ذبیح اللہ مجاہد
قطر (ڈیلی گرین گوادر)قطر میں جاری دوحہ کانفرنس کے حاشیے پر افغانستان کی عبوری حکومت کے رہنماؤں نے پیر کو پاکستانی حکام سے ایک ملاقات کی، جسے دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان موجود کشیدگی میں کمی کی طرف ایک قدم کے طور دیکھا جا رہا ہے۔
یہ اہم ملاقات قطری دارالحکومت میں پیر کی شام ہوئی، جب پاکستانی سفیر محمد اعجاز نے دوحہ کانفرنس تھری میں افغان طالبان حکومت کے رہنما ذبیح اللہ مجاہد کے اعزازا میں اپنی رہائش گاہ پر عشائیہ کا اہتمام کیا۔
دوحہ میں پاکستانی سفیر نے اس ڈنر میں پاکستان کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان آصف درانی کو بھی مدعو کیا اور دونوں رہنماؤں کو ملاقات کا موقع فراہم کیا۔
ذبیح اللہ مجاہد نے پاکستانی سفارت کاروں کے ساتھ اپنی ملاقات کو ’اچھا‘ قرار دیا اور پاکستان کے ساتھ ’مثبت تعلقات‘ کو فروغ دینے کی امید ظاہر کی۔
انہوں نے منگل کی صبح سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا، ’ہم نے پاکستان کے خصوصی نمائندے جناب آصف درانی اور قطر میں ملک کے سفیر اور قونصل سے اچھی ملاقات کی۔
’میں ان کی مہمان نوازی کے لیے شکر گزار ہوں اور دونوں ممالک کے لیے اچھے اور مثبت تعلقات کی امید کرتا ہوں۔‘
آصف درانی نے اپنی الگ ٹویٹ میں لکھا کہ ’دونوں فریقوں نے ملاقات کے دوران ’دوحہ تھری، دوطرفہ اور علاقائی مسائل‘ پر تبادلہ خیال کیا۔‘
قطر میں پاکستان کے سفیر محمد اعجاز نے کہا کہ ’دونوں (فریق) پڑوسی اور بھائی ہیں اور ان میں بہت کچھ مشترک ہے، جس میں علاقائی امن اور سلامتی کی شدید خواہش بھی شامل ہے۔‘