بھارت،ہندو دیوتا کے جشن میں بھگدڑ سے 23 خواتین سمیت 107 افراد ہلاک
نئی دہلی(ڈیلی گرین گوادر) بھارتی گاؤں مغل گڑھی میں ہندو دیوتا شیو کے جشن کے پروگرام میں بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجے میں 107 افراد ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اتر پردیش کے ہاتھرس ضلع میں ’’ست سنگ‘‘ (ایک ہندو مذہبی تقریب) میں پیش آیا۔ تقریب میں کسی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے کوئی احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی گئی تھی۔
بھگدڑ میں کچلے جانے والے 100 سے زائد افراد کو اپنی مدد آپ کے تحت پک اپ ٹرکوں، رکشوں اور یہاں تک کہ موٹر سائیکلوں پر شدید زخمی حالت میں اسپتال لایا گیا۔اسپتال میں 107 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی جن میں 23 خواتین، 3 بچے اور ایک مرد شامل ہیں جب کہ زخمیوں میں سے 6 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کا عمل جاری ہے۔ کئی لاشیں ناقابل شناخت ہیں۔ ہلاک ہونے والے ورثا بڑی تعداد میں اسپتال میں پہنچ گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ بھگدڑ کی وجہ کیا تھی تاہم عوام کی تعداد کا پنڈال میں گنجائش سے زیادہ ہونا ایک وجہ ہوسکتی ہے۔ انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔