وزیر اعلیٰ پنجاب کا لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ، بارش کے بعد نکاسی آب کی صورتحال کا جائزہ لیا
لاہور(ڈیلی گرین گوادر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور پہنچتے ہی شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بارش کے بعد نکاسی آب کی صورتحال کا جائزہ لیا۔مریم نواز نے جی پی او چوک میں واسا کیمپ کامعائنہ کیا، انہیں نکاسی آب سے متعلق کیے گئے انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعلیٰ بعد میں شادمان، فیروز پور روڈ، ڈیوس روڈاور شملہ پہاڑی کے علاقوں میں گئیں۔انہوں نے قذافی اسٹیڈیم کا معائنہ بھی کیا جہاں پانی کے نکاس کیلئے اضافی واٹر پمپس پہنچانے کی ہدایت کی۔مریم نواز نے کہاکہ عید پر صفائی مہم کی طرح نکاسی آب کیلئے سیف سٹی ٹیکنالوجی استعمال کریں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہر آدھے گھنٹے بعد صورتحال کی مانیٹرنگ رپورٹ طلب کرلی اور ہدایت کی کہ کمشنر، ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر انتظامی افسران فیلڈ میں رہیں۔انہوں نے صوبے بھرمیں پانی کی نکاسی بَروقت یقینی بنانےکی ہدایت بھی کی۔دورے کے دوران وزیراعلیٰ کو دیکھ کر عوام جمع ہوگئی، مریم نے ہاتھ ہلا کر عوام کو سلام کیا۔