جماعت اسلامی کا بجٹ میں ٹیکسز کیخلاف اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان
لاہور(ڈیلی گرین گوادر)جماعت اسلامی پاکستان نے ملک میں مہنگائی خصوصاً بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف 12 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔
پیر کو لاہورمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ اشرفیہ عیاشیوں میں مصروف ہے اور ملک میں مہنگائی کا طوفان لایا جا رہا ہے، جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اس مہنگائی خصوصاً بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور ٹیکسز کے خلاف بھرپور احتجاج کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم مہنگائی اور ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف ملک گیرہڑتال کے لیے مشاورت کر رہے ہیں، ہمارا عزم ہے کہ حکومت کو ظالمانہ ٹیکس ختم کرنے پرمجبورکردیں گے اور عوام کو ریلیف دلائیں گے، اشرفیہ کو عیاشیاں نہیں کرنے دیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ملک بحرانی کیفیت سے گزر رہا ہے، حکومت نے عوام پر بجلی اور پیٹرول بم گرا دیا ہے، خواتین اس وقت اپنے زیورات بیچ کر بجلی کے بل ادا کررہی ہیں، یہ کہاں کا انصاف ہے کہ اشرفیہ عیاشیاں کرے اور غریب کو مہنگائی کی چکی میں پسے جاتے رہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مطالبے پرظالمانہ ٹیکس لگا رہی ہے، اسی کے کہنے پر گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔حکومت ایک جانب عوام کو مہنگائی کے بوجھ تلے دبا رہی اور دوسری جانب مزید ٹیکسوں کے نیچے دبایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے ظالمانہ نظام واشرافیہ نے عوام کو بہتر تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولتوں سے بھی محروم کردیا ہے، صحت کی سہولیات پرادویات کے خام مال پر ٹیکس لگا دیا ہے، جان بچانے والی ادویات پر بھی 20 فیصد ٹیکس لگا دیا گیا ہے۔حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت جاگیرداروں سے ٹیکس لینے میں تو مکمل ناکام ہے، جاگیر دار اور وڈیرے عیاشیاں کر رہے ہیں اور عوام کے حقوق کا قتل عام کیا جارہا ہے اوپر سےحکومت کو کوئی شرمندگی تک نہیں ہو رہی ہے، ہمارے وزیر اعظم بڑے فخر سے کہتے ہیں کہ ہم نے تو آئی ایم ایف سے مل کر بجٹ بنایا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ایف بی آر کا کام لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہے، یہ کام ایف بی آر کر نہیں رہا، کیوں کہ ایف بی آر میں کرپشن اور لوٹ مار ہے، سارا بوجھ ان لوگوں پر ڈالا جارہا ہے جو پہلے سے ہی ٹیکس دیتے ہیں، اس کا نقصان یہ ہوا ہے کہ پچھلے سال کی نسبت 119 فیصد اضافہ ہوا ہے ان لوگوں میں جو ملک چھوڑ کرجارہے ہیں۔امیر جماعت اسلامی نے کہا ’آپ مراعات یافتہ طبقے کو مزید طاقتور بنارہے ہیں اور تنخواہ دار طبقے کی کمر توڑ رہے ہیں، ان کو نچوڑ رہے ہیں، یہ کون سا نظام ہے۔