وزیراعلیٰ بلوچستان پی ایس ڈی پی کے تحت فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم پر نظرثانی کرے،جام کمال
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے بلوچستان میں پی ایس ڈی پی کی مختص رقم کی غیر منصفانہ تقسیم پر سوالات اٹھا دیے۔
وزیر تجارت جام کمال خان نے ٹوئٹر پر بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی پر زور دیا کہ وہ پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام ( پی ایس ڈی پی) کے تحت فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم پر نظر ثانی کریں۔ غیر منتخب افراد ، بااثر فیصلہ سازوں اور مخصوص سینیٹرز کے لیے اربوں روپے مختص کیے جانا نامناسب ہے۔
جام کمال خان کا مزید کہنا تھا کہ فنڈز کا ایک بڑا حصہ ان افراد کے لیے مختص کیا گیا جو منتخب عہدیدار نہیں ہیں۔ جن لوگوں کو انتخابات میں شکست ہوئی اور جو عوامی طور پر جواب دہ نہیں ان کو فنڈز دئیے جا رہے ہیں۔ قومی اور صوبائی اسمبلی کے اراکین اپنے ووٹرز کے سامنے جواب دہ ہیں۔ انہیں اپنے علاقوں کے لیے منصوبے تجویز کرنے والا ہونا چاہئیے۔
وزیر تجارت نے کہا کہ چار چار ضلع میں اگر نمائندوں کی تجویز پر 50 کروڑ کی اسکیم رکھی گئی ہے تو بہت سی جگہوں پر ہارے ہوئے اور سینیٹرز کے کہنے پرایک ارب سے بھی زائد اسکیمیں دی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان اس کاسختی سے نوٹس لیں۔ یہ نہ صرف منتخب نمائندوں کی تذلیل ہے بلکہ کرپشن کا ایک نیا طریقہ کھل رہا ہے۔