کیسکو کی جانب سے زمینداروں کا معاشی قتل کسی صورت قابل قبول نہیں، سردار کمال خان بنگلزئی
مستونگ(ڈیلی گرین گوادر) نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر وسابقہ رکن قومی اسمبلی سردار کمال خان بنگلزئی نے زمینداروں کے ساتھ کیسکو حکام کی نارواسلوک کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے کل 28 جون کو زمیندار ایکشن کمیٹی کی کیسکو کے خلاف پہیہ جام ہڑتال کی بھرپور حمایت کا اعلان کردیا۔سردار کمال خان بنگلزئی نے کہا کہ کیسکو کی جانب سے ناروا اور خود ساختہ 21 گھنٹوں کی طویل ترین لوڈ شیڈنگ، وولٹیج میں کمی بیشی، شدید گرمی میں زرعی کنکشن منقطع کرنے زمینداروں کوبھاری بھر جرمانہ کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گرمی کی اس شدید لہر اور تیار فصلات کے دوران بجلی کی طویل بندش سے جہاں ایک طرف لاکھوں افراد بے روزگار ہو رہے ہیں دوسری جانب صوبے کی واحد زریعہ معاش زراعت تباہی کے دھانے پہنچ چکی ہے، عین فصلات کے تیاری کے وقت جہاں پانی کی اشد ضرورت ہوتی ہے وہاں بجلی کو منقطع کرنا زمیندار دشمن زراعت دشمن عملیات ہے اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کیسکو حکام زراعت کے شعبے کو تبائی و بردبادی کے دہانے پر پہنچا کر صوبے کو ریگستان میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا بلوچستان کے 80 فیصد لوگوں کی زرائع آمدن گزر بسر زراعت کے شعبے سے براہ راست وابسطہ ہیں لیکن وفاق اور کیسکو حکام دانستہ طور پر زراعت کا شعبہ تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی صوبائی اور وفاقی حکومتوں سے بھر پور مطالبہ کرتی ہے کہ وہ زرعی فیڈرز پر گرمیوں کی سیزن میں بجلی کی ترسیل کویقینی بنانے کے ساتھ زمین داروں کے قرضے معاف اور زرعی ٹیوب ویلوں کو سولر پینل پر منتقل کرنے کے لیے جلد اقدامات کرے تاکہ زمیندار خوشحال اور زراعت ترقی کی راہ پر گامزن ہو سردار کمال خان بنگلزئی نے کہا کہ زمیندار ایکشن کمیٹی کی جانب سے 28جون کو صوبے کی قومی شاہراہیں بند کرنے اور احتجاج میں پارٹی کارکنان بھر پورانداز میں شرکت کریں۔