برساتی نالوں پر قبضے اور تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں،حمزہ شفقات
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمز ہ شفقات کی زیر صدارت کوئٹہ ڈویڑن میں مون سون کی متوقع شدید بارشوں کے پیش نظر پیشگی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوئٹہ ڈویژن سوبان دشتی،ڈپٹی کمشنرز،اسسٹنٹ کمشنرز، پی ڈی کوئٹہ پیکج،اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ ڈویژن کے علاوہ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو،ایریگیشن،ایف سی،میٹروپولیٹن کارپوریشن،محکمہ صحت، زراعت اور دیگر محکموں کے افسران اور نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس سال مون سون سیزن میں شدید بارشیں متوقع ہیں جس سے ندی نالوں میں طغیانی اور اربن فلڈنگ کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے لہذا مون سون سے قبل تمام متعلقہ محکمے اپنی پیشگی تیاریوں کو مکمل کریں تاکہ لوگوں اور املاک کے نقصان کو کم از کم کیا جا سکے اس سلسلے میں تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں بروقت انتظامات اٹھاتے ہوئے کنٹنجلسی پلان مرتب کریں اور متعلقہ محکموں اور اداروں کو الرٹ رکھیں۔ کوئٹہ کے تمام ندی نالوں کی بروقت صفائی اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں تمام چوک پوائنٹس کو کلیئر کر کے برساتی پانی کو راستہ دیں۔کوئٹہ شہر میں کسی جگہ بھی برساتی پانی کھڑا نہ ہو۔اس سلسلے میں امداد چوک،زرغون روڈ،ایسٹران بائی پاس، گاہی چوک اور یونیورسٹی چوک پر برساتی پانی کے لیے راستہ بنایا جائے۔اجلاس میں ضلعی انتظامیہ،میٹروپولیٹن کارپوریشن،سی اینڈ ڈبلیو،ایریگیشن اور دیگر متعلقہ محکموں کو باہمی تعاون اور مشترکہ اقدامات اٹھانے پر روز دیا گیا۔کوئٹہ شہر کے تمام نالوں ہنہ،اسپن کاریز،سٹی نالہ،محمود آباد نالہ یونیورسٹی نالہ اور دیگر نالوں پر تجاوزات کے خاتمے اور تعمیرات کو روکنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کرنے کی سفارش کی گئی۔اجلاس میں محکمے ایریگیشن کو تمام ڈیمز پر بھاری مشینری کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں استعمال میں لایا جاسکے۔اجلاس میں کہاگیا کہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹانے اور امدادی سرگرمیوں کو منظم طریقے سے سرانجام دینے کے لیے کنٹرول روم کا قائم ضروری ہے لہذا تمام ضلعوں میں کنٹرول روم قائم کرکے فعال رکھا جائے۔محکمہ صحت اور ڈی ایچ آوز امدادی سامان اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنائے اس کے علاؤہ سانپ اور کتوں کے کانٹے کی ویکسین کو بندوبست کریں۔اجلاس میں مون سون کی متوقع شدید بارشوں سے قبل پیشگی تیاریاں،فنڈز اور مشنریرز کی دستیابی،ڈیمز کی دیکھ بھال اور حفاظت،نالوں کی صفائی،چوک پوانٹس صاف اور تجاوزات کے خلاف اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دیں تاکہ ریلیف اور ریسکیو آپریشنز منظم اور بروقت ہوسکے۔اجلاس میں کہا گیا کہ طغیانی کی صورت میں قریبی آبادی کو محفوظ جگہ پر منتقل کرنے کے لیے ٹینٹ ویلیج کا انتظام کیا جائے اجلاس میں شدید بارشوں کے پیش نظر اس بات کو یقینی بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی کہ بارشوں کے اثرات کو کم کرنے کے لیے تمام ضروری احتیاطی تدابیر اور قبل از
وقت تیاری مکمل کی جائیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کوئٹہ ڈویڑن حمزہ شفقات نے کہاکہ برساتی نالوں پر قبضے اور تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں۔ان کے خلاف کارروائی جاری رکھا جائے جبکہ نالوں کی بروقت صفائی اور چوک پوائنٹس کو کلیئر کیا جائے۔سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہنہ اوڑک،اغبرگ،سرہ غنڈگئی،سرہ خلہ اور کرخسہ ڈیم کی قریبی آبادیاں احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے انتظامیہ سے تعاون کریں اور کسی بھی صورتحال کے بارے میں آگاہ رہیں۔انہوں نے کہاکہ کوئٹہ شہر میں بارش کے کھڑے پانی کو جلداز جلد راستہ فراہم کریں تاکہ شہر کی کسی بھی سڑک پر پانی کھڑا نہ ہوسکے۔نالوں کی صفائی اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے فنڈز حاصل کرنے کے لیے اقدامات کریں۔ڈیمز اور نالوں کی قریبی آبادی کو محفوظ بنانے کے لیے تمام متعلقہ محکمے ابھی سے اقدامات اٹھائے۔انہوں نے کہاکہ محکمہ موسمیات سے بارشوں اور سیلاب کی صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کرکے عوام الناس کو آگاہ رکھیں۔