آپریشن عزم استحکام کسی صورت قابل قبول نہیں،اے این پی
پشاور(ڈیلی گرین گوادر) عوامی نیشنل پارٹی نے آپریشن عزم استحکام کی مخالفت کردی۔گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی پشاور میں اے این پی کے باچا خان مرکز پہنچ گئے۔ گورنر نے اے این پی کی اعلی قیادت سے ملاقات کی جس میں سیکیورٹی و سیاسی معاملات پر بات چیت کی گئی۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اے این پی رہنما میاں افتخار نے کہا کہ دہشت گردوں کی جڑیں پنجاب میں ہیں، آپریشن عزم استحکام کے فیصلے پر شدید تحفظات ہیں، اے این پی نے گورنر کو تحفظات کے حوالے سے آگاہ کردیا، آپریشن کسی صورت قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن عزم استحکام کا فیصلہ یک طرفہ ہوا، لوگوں کو مذاکرات اور آپریشن دونوں پر یقین نہیں، جنرل فیض نے کس کے کہنے پر مذاکرات کئے ؟ 40 ہزار دہشت گرد کیسے آئے ؟ آپریشن کے حوالے سے قومی اور صوبائی اسمبلی کو اعتماد میں لیا جائے، اپر دیر اور لوئر دیر میں آپریشن پر بھی اعتماد میں لیا جائے، اے این پی آپریشن عزم پاکستان کے حوالے سے کل جماعتی اجلاس (اے پی سی) بلا رہی ہے۔