سنجاوی میں حالیہ بارشو ں اور ژالہ باری سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا، وزیراعلیٰ بلوچستان
سنجاوی(این این آئی) وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی نے کہا ہے کہ سنجاوی میں حالیہ بارشو ں اور ژالہ باری سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر کو نقصانات کا تخمینہ لگا کر رپورٹ متعلقہ حکام کو ارسال کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔یہ بات انہوں نے اتوار کو سنجاوی میں صوبائی وزیر نور محمد دمڑ کی رہائشگاہ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی صوبائی وزراء میر شعیب نوشیروانی، بخت محمد کاکڑ سمیت دیگر کے ہمراہ سنجاوی پہنچے جہاں انہوں نے صوبائی وزیر نور محمد دمڑ کے کزن کی وفات پر تعزیت کا اظہار اور فاتحہ خوانی کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سنجاوی میں ژالہ باری اور سیلاب سے فصلوں اور زمینوں کے نقصانات کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو فوری طور پر نقصانات کا جائزہ لیکر رپورٹ ارسال کرنے کی ہدایت کردی ہے صوبائی حکومت سیلاب زدگان کی مدد اور تعاون کریگی جبکہ سیلابی ریلے میں بہہ کر جاں بحق ہونے والے شخص کے لواحقین کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے 15لاکھ روپے کی امداد دینے اعلان کرتا ہوں۔ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ بغاو میں دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہونے والے ڈرائیور کے لواحقین کی بھی مالی امداد کی جائے گی۔