ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ،پاکستان کے خلاف بھارت کی بیٹنگ جاری،کوہلی اور روہت آؤٹ ہوگئے
نیویارک(ڈیلی گرین گوادر)آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کے خلاف بھارت کی بیٹنگ جاری ہے۔نیویارک میں کھیلے جارہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر بھارتی کپتان روہت شرما کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔
پہلا اوور مکمل ہوا تو بارش دوبارہ شروع ہونے پر میچ روک دیا گیا اور کھلاڑی میدان سے باہر چلے گئے۔ بعد ازاں میچ شروع ہوا تو ویرات کوہلی 4 رنز بناکر نسیم شاہ کی بال پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔پاکستان کےخلاف بھارت کی پہلی وکٹ 12 رنز پرگری۔
بھارت کی دوسری وکٹ 19 رنز پر گری جب بھارتی کپتان روہت شرما شاہین آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ٹاس کے بعد قومی ٹیم کےکپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ میچ میں بہترین پرفارم کرنےکی کوشش کریں گے، ماضی ماضی ہے آج کے میچ پر فوکس ہے، بھارت کے خلاف میچ کے لیے بہت حوصلہ ملتا ہے۔
قومی ٹیم میں آج ایک تبدیلی کی گئی ہے اور اعظم خان کی جگہ عماد وسیم کو شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت بابراعظم کررہے ہیں، دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، عثمان خان، شاداب خان، فخرزمان ، افتخاراحمد، عماد وسیم ، محمد عامر، نسیم شاہ شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف آج ایکشن میں ہوں گے۔
بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ اچھا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ بولرز دفاع کر سکیں، یہاں دو تین میچز کھیل چکے ہیں، اندازہ ہے یہاں کتنا اسکور ہونا چاہیے۔بھارتی ٹیم کی کپتانی روہت شرما کر رہے ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں ویرات کوہلی، ریشبھ پنٹ، سوریاکماریادیو، شیوام ڈوبے، ہارڈک پانڈیا، رویندرا جڈیجا، اکثرپٹیل، جسپریت بمرا، محمدسراج اور ارشدیپ سنگھ بھارتی ٹیم میں شامل ہیں۔