کیسکوکی نادہندہ صارفین اور بجلی چوروں کیخلاف تمام آپریشن سرکلز میں کارروائیاں جاری

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایات کے تحت بجلی چوروں اورنادہندگان کے خلاف جاری قومی مہم کے سلسلے میں کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کی جانب سے صوبہ بھرمیں کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں اور ا س سلسلے میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت پشین، لورلائی، سبی، خضدار اور مکران آپریشن سرکلز میں نادہندگان سے بقایاجات کی وصولی کیلئے کارروائی عمل میں لائی جارہی ہیں۔کیسکونے بجلی بلوں کی ادائیگی کیلئے تمام نادہندہ سرکاری محکموں سمیت دیگر نادہندگان جن میں گھریلو، کمرشل، صنعتی اور زرعی صارفین شامل ہیں اُن کے بجلی بلوں پربقایاجات جمع کرانے سے متعلق نوٹسز بھی ارسال کردئیے گئے ہیں اور عدم ادائیگی کی صورت میں نادہندہ صارف کے برقی کنکشن بلاتاخیر منقطع کئے جائیں گے۔ نادہندگان سے بقایاجات کی وصولی اور بجلی چوروں کے خلاف جاری اس قوم مہم میں کیسکوکو خاطرخواہ کامیابی حاصل ہوئی ہے جس میں مثبت پیش رفت کے ساتھ ساتھ اسکے اثرات باقاعدگی سے بجلی کے ب ادا کرنے والے صارفین کو بہتروولیٹج کی صورت میں بھی مل رہاہے۔اس خصوصی مہم کے تحت کیسکوکی ٹیموں نے ماہ ستمبر سے اب تک صوبہ بھرمیں کیسکوکے زیرانتظام تمام علاقوں میں بجلی چوروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی جس کے دوران بجلی میٹروں کو شنٹ اورمیٹر ریڈنگ Slowکرنے والے 25ہزار888 گھریلو کنکشنز، 8ہزار646 کمرشل کنکشن جبکہ 2ہزار578زرعی کنکشنزاور557صنعتی صارفین کے کنکشنز منقطع کرنے کے بعد اُن پر بعد ازاں ڈٹیکشن کی مدمیں جرمانے عائد کئے گئے اوراس طرح بجلی چوری کی مدمیں بجلی چوروں کو مجموعی طورپرایک کروڑ29 لاکھ25 ہزاربجلی یونٹ ڈیٹیکشن چارج کیئے گئے جبکہ چارج شدہ بجلی یونٹس کی قیمت تقریباً66کروڑ86لاکھ 37ہزارروپے بنتی ہے جن میں سے اب تک 62 کروڑ 48 لاکھ 92 ہزار روپے سے زائد رقم وصول بھی کئے گئے ہیں۔اس کے علاوہ اس جاری مہم کے دوران بجلی چوروں کے خلاف قانونی کارروائی کے لئے صوبہ کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں 6ہزار680 تحریری درخواستیں ارسال کر دی گئیں ہیں جن میں سے اب تک 607 بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز درج ہوچکے ہیں۔علاوہ ازیں نادہندگان سے بجلی بلوں کی مدمیں بقایاجات کی وصولی کے سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کاعمل بھی تیزی سے جاری ہے جس کے تحت ماہ ستمبر سے اب تک صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت پشین، لورلائی،سبی،خضداراور مکران آپریشن سرکلز میں بقایاجات کے حامل 2 لاکھ58ہزار526 نادہندہ صارفین سے تقریباً3 ارب 82 کروڑ 69روپے سے زائد رقم بھی وصول کرلئے گئے ہیں۔واضح رہے کہ وزارت توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایات پر کیسکوٹیمیں صوبہ بھرکے تمام آپریشن سرکلز میں تمام بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کررہی ہیں۔ لہٰذا کیسکونے صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بجلی بلوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ اپنے ذمہ بقایاجات بھی اداکریں تاکہ بعدمیں کنکشن منقطع ہونے یا مزید کسی بھی زحمت اور پریشانی سے بچاجاسکے نیز کیسکونے تمام صارفین سے درخواست کی ہے کہ وہ بجلی کے غیر قانونی استعمال سے گریز کریں اور اپنے اردگردبجلی چوروں کی نشاندہی کرکے اس قومی مہم میں کیسکوکے ساتھ تعاون کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے