چمن میں پولیو ٹیم پر حملہ، خاتون پولیو ورکر سمیت 3 لیویز اہلکار زخمی
چمن (ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان کے شہر چمن میں پولیو ٹیم پر حملے کے نتیجے میں خاتون پولیو ورکر سمیت 2 لیویز اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے شہر چمن میں دھرناکمیٹی کے ڈنڈابردارافراد نے پولیو ٹیم پر حملہ کے دوران پولیس اور لیویز اہلکاروں سے اسلحہ چھیننے کی کوشش بھی کی۔
ڈپٹی کمشنر راجا اطہر عباس نے بتایا ہے کہ مسلح افراد کے حملے میں خاتون پولیوورکر، 2 لیویز اور ایک پولیس اہلکارزخمی ہوگئے ہیں۔ علاقے میں مزید نفری روانہ کر دی گئی ہے، پولیومہم میں رکاوٹ ڈالنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی ہوگی۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے چمن میں پولیو ٹیم پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لیویز اہلکاروں سے اسلحہ اور پولیو ٹیم سے ویکسین چھیننے کی کوشش کی گئی، ضلعی انتظامیہ حملے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کررہی ہے۔
ترجمان صوبائی حکومت کا کہنا تھا کہ احتجاج آئینی حق تاہم تشدد کا راستہ اختیار کیا جاتا ہے تو ریاست قانون کے مطابق کارروائی کرے گی، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کا اختیار نہیں، ملزمان پرانسداد دہشت گردی کے دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔