سیاسی استحکام اور معاشی ترقی کیلئے دیرپا امن کا قیام اولین شرط ہے،گورنر بلوچستان

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ سیاسی استحکام اور معاشی ترقی کیلئے دیرپا امن کا قیام آولین شرط ہے. امن و امان کی مجموعی صورتحال صوبے کے آٹھ ڈویژن اور چھتیس اضلاع میں اطمینان بخش ہے لیکن ابھی بھی کچھ مزید اقدامات اٹھانا باقی ہے. صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت تخریب کاری اور دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے کی اشد ضروری ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج گورنر ہاوس کوئٹہ میں بلوچستان میں امن و امان کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری زاہد سلیم، انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان ہاشم خان غلزئی ، کمیشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات اور ڈی جی لیویز نصیب اللہ کاکڑ بھی موجود تھے. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان وسائل و معدنیات سے مال مال صوبہ ہے. صوبے کی معیشت اور تجارت میں مائنز اینڈ منرلز مالکان کا کلیدی کردار ہے. انہوں نے کہا کہ اگر تاجر برادری بالخصوص مائنز اینڈ منرلز مالکان کو مکمل تحفظ فراہم نہیں کیا گیا تو اس سے دیگر شعبے بھی متاثر ہو سکتے ہیں لہٰذا امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے، معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور تاجر برادری کو تحفظ دینے سے نہ صرف صوبہ میں مجموعی طور پر زندگی کا معیار بلند ہوگا بلکہ لوگوں کو روزگار کے نئے مواقع بھی میسر ہو جائینگے. انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں شہری علاقوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کیلئے جامع حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت ہے. گورنر بلوچستان نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز، ٹریفک مسائل، اور بدامنی کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ضلعی انتظامیہ صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے فوری اور نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے. انہوں نے کہا کہ جان و مال کا تحفظ اور جرائم کا خاتمہ ہی پائیدار امن اور ترقی کی راہیں کھول سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے