ہمسایہ ملک ایران نے حالیہ ہیٹ ویواور بجلی کی طلب میں اضافے کی وجہ سے بجلی فراہمی معطل کی،ترجمان کیسکو
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے ترجمان کے مطابق حالیہ ہیٹ ویواور بجلی کی طلب میں اضافے کی وجہ سے ہمسایہ ملک ایران سے مکران ڈویژن کو بجلی فراہم کر نے والی132kV جیکی گور۔مند اور132kV پولان۔جیوانی ٹرانسمیشن لائن سے بجلی فراہمی معطل ہوئی۔ایران سے132kV کی دونوں ٹرانسمیشن لائنوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے مکران ڈویژن کے تینوں اضلاع کیچ، پنجگور اور گوادرکے تمام گرڈ اسٹیشنز کو بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔متاثر ہونے والے گرڈ اسٹیشنزمیں 132kVمند، تُمپ، تُربت، ہوشاب، پنجگور، گوادر، گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ، گوادر ڈیپ سی پورٹ، نیو گوادار انٹرنیشنل ایئر پورٹ،پسنی، جیوانی اور اورماڑہ شامل ہیں۔ترجمان نے کہا کہ بجلی بحالی کے سلسلے میں کیسکو حکام ایرانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ دوسری جانب مکران کے اضلاع کو نیشنل گرڈ سے بجلی فراہمی کے بھی کو ششیں جاری رہیں اور ہفتے کی شام تک پنجگور، پسنی اور گوادر گرڈ اسٹیشنز تک نیشنل گرڈ سے بجلی کی فراہمی بحال کر دی گئی۔ترجمان نے توقع ظاہر کی کہ جلد ایران سے بجلی دوبارہ بحال ہونے سے مکران ڈویژن میں بجلی کی صورتحال معمول پر آئیگی۔ تاہم تکنیکی خرابی کے باعث بجلی بندش پر کیسکو نے مکران ڈویژن کے متعلقہ علاقوں کے صارفین سے معذرت اور تعاون کی اپیل کی ہے۔